ہمارے جسم کا اہم ترین عضو گلا ہے جو کھانے پینے کی تمام چیزوں کو معدے تک پہنچاتا ہے۔ سانس کی نالی بھی اسی عضو سے منسلک ہوتی اور یہی آواز بھی پیدا کرتا ہے۔ آپ چاہے عام گفتگو کررہے ہوں، یا چیخنا چاہتے ہوں یا پھر آپ گلوکاری کا شوق پورا کررہے ہوں، یہ سب اسی عضو سے ممکن ہوتا ہے۔
ہمیں گلے کا خاص خیال بھی رکھنا چاہیے، اور موسمِ سرما میں مونگ پھلی، ٹھنڈے مشروب، کھٹاس اور مختلف پھل یا دوسری کھانے پینے کی اشیا کے استعمال میں بہت احتیاط کرنی چاہیے۔
گلے کی بعض تکالیف اور بیماریوں کی نوعیت، ان کی علامات اور علاج بھی مختلف ہوتا ہے۔ تاہم عام شکایات کی صورت میں ہم چند گھریلو نسخوں یا ٹوٹکوں سے اپنا گلا ٹھیک کرسکتے ہیں۔
گلے کی عام تکالیف کی صورت میں ماہر طبیب اور حکما ہمیں کچن ہی سے یوں علاج کی سہولت دیتے ہیں۔
کھانے کے دو چمچ لیموں کے عرق میں ایک چمچ شہد ملاکر اس میں چٹکی بھر کالی مرچ ڈال دیں۔ دن میں ایک یا دو دفعہ اس کے استعمال سے افاقہ ہوگا۔
ایک کپ شہد میں رات بھر پانچ یا چھے لونگ ڈبو کر رکھ دیں۔ صبح یہ لونگ نکال لیں اور ایک چائے کا چمچ شہد کے ساتھ استعمال کریں۔ یہ گلے کی سوزش اور درد میں اکسیر ہے۔
منقیٰ کے پانچ سے چھے دانوں اور لیموں کا ایک چمچ برابر عرق لیں، منقیٰ کچل کر اس میں ملا لیں۔ دن میں ایک بار اس مرکب کو استعمال کریں۔ گلے کی عام تکلیف جاتی رہے گی اور وہ ٹھیک کام کرے گا۔
چٹکی بھر لونگ اور دار چینی کا سفوف بنان کر انھیں ملا لیں اور اس آمیزے کو پانی میں ڈال کر چائے بنائیں۔ دن میں دو بار یہ چائے پینے سے گلا ٹھیک ہو جائے گا۔