ٹینس اسٹار اعصام الحق نے اس یقین کا اظہار کیا ہےکہ آنے والا سال گزرنے والے سال سے بہتر ہوگا۔
نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ 2020 کے مقابلے میں 2021 بہتر ہو گا اور نئے سال میں انسانیت و امن کا پیغام دنیا بھر میں پھیلے گا۔
انہوں نےکہا کہ آنے والے سال میں بھی ان کی کوشش ہو گی کہ وہ ملک کا نام روشن کریں، مجھے امید ہے کہ آنے والے برس میں دوستی بڑھے گی اور لوگ ایک دوسرے کی قدر کرنا سیکھیں گے۔
اعصام الحق پر امید ہیں کہ 2021 میں زندگی ایک مرتبہ نارمل ہوگی اور جو لوگ کووڈ 19 سے متاثر ہوئے وہ اس سے مکمل صحت یاب ہوں گے اور اپنی نارمل زندگی کی طرف آئیں گے۔
ٹینس اسٹار کا کہنا تھاکہ انہیں مارچ میں جاپان کے خلاف ہونے والے ڈیوس کپ ٹائی کا انتظار ہے، اس سے پاکستان ٹینس کو بہت فائدہ ہو گا۔
اعصام الحق گزشتہ کئی برسوں کی طرح اس برس بھی عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت بنے لیکن سال کے آخر میں پاؤں میں انجری کے باعث ملکی ٹورنامنٹس میں ایکشن میں دکھائی نہ دے سکے، اب اعصام الحق فٹ ہو گئے ہیں اور فروری میں آسٹریلین اوپن میں ایکشن میں آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔