بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 10 نومولود جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میٹرنٹی اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ ہفتے کی صبح مہاراشٹرا کے ضلع بھنڈارا کے مرکزی اسپتال میں پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کے باعث 10 نومود جھلس کر اور دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے جبکہ 7 بچوں کو بچا لیا گیا، حادثے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں چند روز سے لیکر 3 ماہ تک ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس اگست میں بھارتی شہر احمد آباد کے اسپتال میں آگ لگنے سے کورونا کے 8 مریض ہلاک ہوئے تھے جبکہ نومبر میں راج کوٹ میں بھی آتشزدگی سے کورونا کے 5 مریض دم توڑ گئے تھے۔