اہم خبر

آٹا چینی اسکینڈل کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: چیئرمین نیب

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور آٹا چینی اسکینڈل کی تحقیقات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ ملک سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، فالودہ، چھابڑی اور پاپڑ والوں کے نام پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نیب وائٹ کالر کرائمز اور میگا کر پشن مقدمات کی تحقیقات کرتا ہے، تحقیقات کے دوران شواہد اکٹھے کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 714 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، نیب کے مختلف عدالتوں میں 1243 بدعنوانی کے کیسز زیر سماعت ہیں۔

چیئر مین نیب نے کہا کہ ملک میں غربت، صحت اور تعلیمی سہولیات کی زبوں حالی کی ایک وجہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹا اور چینی اسکینڈل کی تحقیقات کو بھی قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button