واشنگٹن: امریکا نے سعودی دارالحکومت ریاض پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔
عرب میڈیا کےمطابق ریاض پر حوثی باغیوں کے حملے کی کوشش پر امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کاکہنا ہے کہ امریکا اپنے اتحادی سعودی عرب کی مدد کرے گا اور اس کی سرزمین پر ہونے والے حملے کے خلاف اس کا دفاع کرے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا ریاض پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے، اس سلسلے میں ہم مزید معلومات اکٹھا کررہے ہیں لیکن بظاہر لگتا ہے کہ اس حملے میں سویلین اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، اس طرح کے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو کمزور کرتےہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ جس طرح ہم یمن جنگ کے خاتمے سمیت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اصولی سفارتکاری کے ذریعے کام کرتے ہیں اسی طرح اپنے اتحادی سعودی عرب کی سرزمین پر حملے پر اس کا دفاع کریں گے اور خطے میں امن و استحکام کو کمزور کرنے والوں کو بھی پکڑیں گے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض پر ڈرون حملے کیے گئے جسے عرب اتحادی فورسز نے فوری ناکام بنادیا۔