واشنگٹن: پاکستانی نژاد صائمہ محسن کو ڈیٹرائٹ میں فیڈرل پراسیکیوٹر مقرر کردیاگیا ہے، اس کے ساتھ ہی وہ مریکی تاریخ میں یہ عہدہ حاصل کرنےوالی پہلی مسلمان بن گئیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق موجودہ وفاقی پراسیکیوٹر یکم فروری کو اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے جس کے بعد یہ عہدہ 52 سالہ پاکستانی قانون دان سنبھال لیں گی۔
پاکستانی نژاد صائمہ محسن 2002 سے امریکا کے محکمہ انصاف کے ساتھ منسلک ہیں اور اس وقت اٹارنی آفس میں ملازمت کر رہی ہیں اس کے علاوہ وائلنٹ اینڈ آرگنائزڈ کرائم یونٹ، ڈرگ ٹاسک فورس اور جنرل کرائمز یونٹ میں فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔
صائمہ محسن نے اپنی تقرری کو عزت افزائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کے مشن کو ماضی کی طرح دیانتداری کےساتھ جاری رکھیں گی۔
اس سے قبل امریکا کی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام کو وزیر دفاع بنایا گیا تھا، جہاں نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق جنرل لائیڈآسٹن کو سیکریٹری دفاع نامزد کیا تھا اور سینیٹ نے ان کی تقرری کی منظوری دی تھی۔