اہم خبر

کراچی ٹیسٹ: فواد عالم اور اظہر علی وکٹ پر ڈٹ گئے

کراچی: مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی اور فواد عالم وکٹ پر ڈٹ گئے، پاکستان کو جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 116 رنز درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں کھانے کے وقفے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنالئے ہیں، فواد عالم اور اظہر علی وکٹ پر ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے کھیل کے پہلے سیشن میں بہترین حکمت عملی کے تحت جنوبی افریقی بولرز کا سامنا کیا، پاکستان نے دوسرے روز پہلے سیشن میں 27 اوورز کھیلے، جہاں پاکستان نے 71 رنز بنائے۔

فواد عالم 39 اور اظہر علی 38 رنزبناکر وکٹ پر موجود ہیں، قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنےکیلئے116رنز درکار ہیں۔

 

گذشتہ روز جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو 33 رنز پر قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، پاکستان کی پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنے والے اوپنر عمران بٹ 9 رنز بنا کر فاسٹ بولر ربادا کا شکار بنے جبکہ عابد علی کو بھی 4 رنز پر ربادا نے بولڈ کیا، کپتان بابر اعظم 7 رنز بنا کر مہارا راج کو وکٹ دے بیٹھے، نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج اور اینرک نورٹ جی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر سب سے زیادہ رنز بناکر نمایاں رہے، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، جارج لنڈے 35 فاف ڈوپلیسی 23،ربادا 21، ایڈن میکرم 13، ریسی وینڈرڈوسن 17، کپتان کوئنٹن ڈی کوک 15، تمبا باؤما 17، کیوش مہاراج صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر جوڑی نے جنوبی افریقہ کی پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یاسر شاہ نے 3 جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

یاد رہے اس سے قبل دونوں ٹیمیں کراچی میں آخری بار 2007 میں مدمقابل آئی تھیں جس میں مہمان ٹیم 160 رنز سے سرخرو ہوئی تھی جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button