اسلام آباد(۔۔۔۔۔۔)
28-01-2021)نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ اسکولز (NAPS)کے مرکزی صدر چودھری عبیداللہ نے کہاہے کہ کورونا وباء کے دوران نجی تعلیمی اداروں کو ہونے والے ناقابل تلافی نقصان کا ازالہ حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داری ہے، یکم فروری سے کھلنے والے تعلیمی اداروں میں کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے تمام حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائیگا اور کہاہے کہ نجی پبلشرز کو ٹیکسٹ بک پرنٹ کرنے کی اجازت خوش آئند ہے بروقت نصاب کی تکمیل کے لیے تعلیمی اداروں کی باربار بندش سے گریز کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ اسکولز (NAPS)کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایسوسی ایشن کے شریک چیئرمین ملک محمد عمران، سرپرستِ اعلیٰ سینئرنائب صدر زاہد بشیر ڈار، جنرل سیلریٹری عطرت نقوی،نصیب اکرام وڑائچ سمیت ماہرین تعلیم و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری عبیداللہ کا کہنا تھاکہ دنیا بھر کی طرح وطن عزیز میں بھی کورونا جیسی موذی وبا نے تمام شعبہ ہائے زندگی باالخصوص تعلیمی شعبہ کو شدید نقصان پہنچایاہے اس دوران نجی تعلیمی اداروں نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیاہے اور آئندہ بھی عوام الناس کی بہتری اور صحت کے لیے مکمل تعاون کرتے رہیں گے۔ کورونا کے دوران نجی شعبہ تعلیم کو پہنچنے والے شدید نقصان کاازالہ حکومت وقت کی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومتی اعلانات کے مطابق نجی شعبہ تعلیم کو خصوصی پیکج فوری فراہم کیا جائے گا تاکہ چھوٹے اور کم فیس والے تعلیمی اداروں کی مکمل بندش سے بچا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے تاہم اس دوران کورونا کے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا،اس سلسلے میں اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ایسوسی ایشن کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔اجلاس میں نیا تعلیمی سیشن اپریل سے شروع کرنے پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ موسم گرما کی چھٹیاں کم کرنے، نصاب کی تکمیل کے لیے پوری کوشش کرنے، فیڈرل بورڈ کے امتحانات کے انعقاد اور سنگل نیشنل کریکولم کے حوالے سے نجی پبلشرز کو درسی کتابوں کی چھپائی کے لیے حکومت کی جانب سے دی گئی اجازت کو بھی خوش آئند قرار دیاگیاہے۔
جاری کردہ
میڈیا کوآرڈینیٹر
نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ اسکولز (NAPS)پاکستان
برائے رابطہ۔0333 3388118