کھانا کھانے کے بعد اکثر اوقات پیٹ پھولنے کی تکلیف اور گیس کا سامنا ہوتا ہے، اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے پہلے سے کوئی بیماری بھی کبھی کبھار پیٹ پھولنے کا باعث بن جاتی ہے۔
حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ غذائی عادات میں کچھ تبدیلیوں سے اس مسئلے کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ کون سی غذائیں اس تکلیف کا سبب بنتی ہیں۔ کاربو ہائیڈریٹس، چکنائی اور پروٹینز پیٹ پھولنے کا باعث بن سکتے ہیں، تاہم کچھ غذائیں اس مسئلے کو زیادہ بدترین بنا دیتی ہیں، ایسی عام غذاؤں میں سیب، بیج، گوبھی، دودھ کی مصنوعات، آڑو اور ناشپاتی قابل ذکر ہیں۔
ان غذاؤں کا کم استعمال اس تکلیف میں کمی کا سبب بن سکتا ہے۔
غذا میں فائبر کی مقدار پر نظر رکھیں، فائبر والی غذائیں جیسے اجناس، بیج اور دالیں پیٹ پھولنے اور گیس کا باعث بن سکتی ہیں، ویسے تو یہ غذذائیں صحت کے لیے مفید ہوتی ہیں تاہم کچھ افراد کو زیادہ فائبر پیٹ پھولنے کے مسئلے کا شکار بنا سکتا ہے۔
فائبر صحت بخش غذا کا اہم حصہ ہے، مگر بتدریج غذا میں اس کی مقدار بڑھانی چاہیئے۔
غذا میں زیادہ نمک طویل العیاد بنیادوں پر متعدد امراض بشمول ہائی بلڈ پریشر کا شکار بناسکتا ہے، زیادہ نمک کا استعمال جو بہت مختصر عرصے میں سامنے آجاتا ہے پیٹ پھولنا ہے۔
چربی والی غذاؤں سے بھی گریز کریں، بہت زیادہ چربی والی غذاؤں کو ہضم کرنے کے لیے جسم کو زیادہ وقت لگتا ہے اور یہ غذائی نالی سے سست روی سے گزرتی ہیں، جس کے نتیجے میں پیٹ پھول سکتا ہے۔
میٹھے مشروبات کی مقدار کم کریں، سافٹ ڈرنکس جیسے کاربونیٹڈ واٹر اور سوڈا بھی پیٹ پھولنے کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں، کیونکہ ان مشروبات کو پینے سے جسم میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس جمع ہونے لگتی ہے، جو پیٹ پھولنے کا باعث بنتی ہے۔