کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، کاٹن جینرز ایسوسی ایشن پاکستان کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک میں روئی کی قیمت 11 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کاٹن جینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین احسان الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روئی کی قیمت میں 200 روپے فی من اضافہ ہوگیا ہے۔
احسان الحق کا کہنا ہے کہ روئی کی قیمت 11 سال کی بلند ترین سطح 11 ہزار 500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا میں بھی روئی کی قیمتیں پچھلے 3 سال کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
احسان الحق کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساحلی شہروں میں کپاس کی بوائی شروع ہوگئی ہے، وفاق نے سفید مکھی کے خاتمے کے لیے کسانوں کو 12 سو روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کے باعث کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
احسان الحق کے مطابق نہری پانی کی دستیابی کے باعث کپاس کی ریکارڈ کاشت ہونے کا امکان تھا، تاہم ٹڈی دل کے حملے کے باعث رواں سال پاکستان میں روئی کی صرف 1 کروڑ 50 لاکھ بیلز پیدا ہوئیں۔