پاکستان

الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر نکلیں گے،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

لاہور( اے بی این نیوز    ) عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن نہ ہوا ملک میں حقیقی آزادی کی جنگ کیلئے باہر نکلیں گے۔ آج کی ریلی مزدوروں اور قانون کی حکمرانی کیلئے ہے، کارکن تیاری کریں اگلے ہفتے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، ہم آئین اور اپنے چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگر چودہ مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو عام الیکشن کیلئے تیار ہیں، یہ بجٹ کے بہانے بنا رہے ہیں، یہ آئین کیخلاف گئے تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ یہ ہمارے کارکنوں کو پکڑ رہے ہیں تاکہ پی ٹی آئی کمزور ہو، میرے سکیورٹی آفیسر کو گرفتار کر کے لے گئے، ان لوگوں کا صرف ایک مقصد ہے کسی طرح عمران خان کو راستے سے ہٹایا جائے، یہ الیکشن سے بھاگیں گے اور آئین توڑیں گے تو پی ٹی آئی آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی، جنگل کے قانون میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہو گی۔ وہ لاہور میں ناصر باغ میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ، سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آئین توڑا گیا یا سپریم کورٹ کیخلاف گئے تو پی ٹی آئی سڑکوں پر نکلے گی، یہ الیکشن سے بھاگیں گے تو ہم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، خراب معاشی حالات کی وجہ سے ہم صرف جلسے کر رہے ہیں، آئین توڑا گیا تو ملک میں جنگل کا قانون ہو گا، ملک میں مہنگائی سے کسان، مزدور کا برا حال ہے۔عمران خان نے کہا ہے کہ جس ملک میں حکومت سپریم کورٹ کو نہ مانے کوئی سرمایہ کار نہیں آئے گا، یہ لوگ الیکشن ہارنے کے ڈر کی وجہ سے الیکشن نہیں کرانا چاہتے، یہ عمران خان کو باہر رکھیں گے تو کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا، عدالت کا فیصلہ نہیں مانیں گے تو انشاء اللہ قوم میرے ساتھ نکلے گی، یہ الیکشن تب کرانا چاہتے ہیں جب یہ سمجھیں کہ جیت سکتے ہیں۔ یہ بہانے کر رہے ہیں کہ بجٹ دینے کے بعد الیکشن ہو گا، یہ سمجھ رہے ہیں بددیانت منصوبے میں ہم پھنس جائیں گے، اگر یہ سمجھ رہے ہیں ہم انتظار کریں گے تو غلط فہمی میں نہ رہیں، ہم عدالت کو کہیں گے کہ ہمیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کا الیکشن چاہیے، نگران حکومت نے الیکشن کیلئے ایک کام نہیں کیا، اس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، ملک میں 70 فیصد عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک، انصاف نے مزید کہا کہ الیکشن تب کرانا چاہتے ہیں جب یہ سمجھیں کہ عمران خان راستے سے ہٹ جائے، یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کو جیل میں ڈالیں یا کسی طرح قتل کرا دیں، پرویز الہیٰ کے گھر پر انہوں نے ڈاکوؤں کی طرح حملہ کیا، میرے گھر پر حملہ کیا گیا، نہتے کارکنوں کو گرفتار کیا، ہمارے ٹائیگر علی امین گنڈا پور کو کبھی ایک جیل تو کبھی دوسری جیل لے جایا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button