مِڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے آفیسران کو جامعہ کی تاریخ، انتظامی ڈھانچے،پروگرامز اور علمی خدمات پر بریفنگ دی گئی
پروفیسر ڈاکٹر انصر یاسین، پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز اور آفیسر تعلقات عامہ مبشر نقوی نے وفد کا یونیورسٹی آمد پر خیرمقدم کیا
مظفرآباد: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (NIM)لاہورکے 36ویں مِڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے آفیسران نے گزشتہ روز آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کا دورہ کیا،جامعہ کشمیر سٹی کیمپس میں یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے مختلف شعبوں میں جاری تعلیمی،تدریسی اور تحقیقی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی۔ جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہورکے 36ویں مِڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے زیر تربیتی آفیسران کے وفد کی قیادت ڈائریکٹنگ سٹاف،انچارج فیکلٹی محمد فاروق خان نے کی جبکہ وفد میں حکومت پنچاب کے مختلف اداروں میں تعینات پندرہ آفیسران اورNIMلاہور کے ذمہ داران شامل تھے۔ جامعہ کشمیر آمد پرڈائریکٹر منصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر ڈاکٹر انصریاسین، ڈائریکٹر یوتھ انگیجمنٹ و انچارج سٹی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون، آفیسر تعلقات عامہ مبشر نقوی نے وفد کا استقبال کیا۔ایک بریفنگ کے دوران نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد کو ریاست کی قدیم اور عظیم درسگاہ کے کے انتظامی ڈھانچے،تاریخ اور خدمات پر انہیں تفصیلاً آگاہ کیا۔ڈائریکٹر پلاننگ پروفیسر ڈاکٹر انصریاسین نے اپنی بریفنگ میں وفد کو بتایا کہ جامعہ کشمیر ریاست کے سرکاری شعبہ میں قائم جامعات میں پہلی درسگاہ ہے جس کے مختلف کیمپسز نے بعد میں خودمختار جامعات کا درجہ حاصل کیا۔انہوں نے بتایا کہ جامعہ کشمیر سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس اس وقت آزادکشمیر،پاکستان اور دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے وفد کو جامعہ کشمیر کی ترقی کے مختلف ادور پر تفصیلاً آگاہ کیا۔پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون نے وفد کو بتایاکہ کس طرح جامعہ کشمیر نوجوانوں کو مختلف مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے سمیت انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نٹمنے کے لیے تیار کررہی ہے۔بریفنگ کے دوران آفیسر تعلقات عامہ مبشر نقوی نے وفد کو ریاست کی عظیم درسگاہ میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کے اہم ترین اداروں سے منسلک زیر تربیت آفیسران کے لیے جامعہ کشمیر کا انتخاب کیا۔بریفنگ کے دوران وفد کو آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں جامعہ کے قیام کے پس منظر،مختلف ادور میں ہونے والی ادارہ جاتی ترقی، مختلف کیمپسز کے قیام،کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر اور ان میں پیش کیے جانے والے تعلیمی پروگرامز کے خصوصی حصے موجود تھے۔زیر تربیت آفیسران نے جامعہ کشمیر کے حکام کی جانے والی بریفنگ میں گہری دلچسپی لی اور اپنے سوالات سے ادارہ کی پیش کی جانے والی خدمات کے حوالے سے مزید دریافت کیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت آفیسران نے جامعہ کشمیر کی علمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کی اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے کاوشوں کو بھی سراہا۔بعد ازاں وفد نے جامعہ کشمیر سٹی کیمپس میں قائم یادگارشہدا کا دورہ بھی کیا۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ڈائریکٹنگ سٹاف،انچارج فیکلٹی محمد فاروق خان کو جامعہ کشمیر کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔



