کراچی: پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 166حجاج کرام کو لے کر کراچی پہنچ گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی سعودی عرب سے پاکستان کیلیے بعد از حج پروازوں کا آغاز ہو گیا، کراچی کیلیے پہلی خصوصی حج پرواز ہفتے کی شام ساڑھے 6 بجے جناح ٹرمینل پر پہنچی، جس کے ذریعے 166حجاج کرام سعودی عرب سے پہنچے۔
کراچی کیلیے پہلی حج پرواز کی آمد پر پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر احمد عالم، ڈسٹرکٹ منیجر شعیب احمد شاہ سمیت سنیئر افسران نے حجاج کرام کا استقبال کیا، حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن کے بعد از حج آپریشن کے دوران جدہ اور مدینہ منورہ سے 290 خصوصی اور شیڈول پروازیں چلائے گی، جس کے ذریعے 82 ہزار سے زائد حجاج کرام کو اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، سیالکوٹ، ملتان، کوئٹہ اور فیصل آباد پہنچایا جائے گا، بعد از حج آپریشن کا اختتام 14 ستمبر کو ہوگا۔