نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر پر ہونے والے سلامتی کونسل کے بند کمرہ مشاورتی اجلاس سے متعلق اپنی ویب سائیٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کشمیر کی غیر مستحکم صورتحال پر ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں 1965ء کے بعد پہلی بار مسئلہ کشمیر پر براہ راست غور کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل نے بھارتی اقدام کے باعث خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ بیان میں 8 اگست کو اقوامتحدہ کے سیکٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان کا حوالہ بھی دیا گیا۔
بیان میں چینی مندوب کی نیوز کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ چینی مندوب نے پاکستان اور بھارت کو مزید کشیدگی بڑھانے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت ایسا کوئی قدم نہ اٹھا ئیں جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستانی مندوب کی نیوز کانفرنس کا ذکر کیا گیا جس میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا اجلاس میں بھارتی موقف کی نفی ہوئی ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔