اہم خبر

سابق چئرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فاروق اور سابق سیکورٹی اینڈ گورنمنٹ افیئرزآفیسر ٹیتھیان کاپر کمپنی شیر خان 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

کوئٹہ۔10 نومبر (اے پی پی):نیب بلوچستان نے ریکوڈیک منصوبے میں قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار سابق چئرمین بلوچستان ڈویلپمینٹ اتھارٹی محمد فاروق اور سابق سیکورٹی اینڈ گورنمنٹ افیئرز آفیسر ٹیتھیان کا پر کمپنی کرنل ریٹائرڈ شیر خان کو احتساب عدالت میں پیش کرکے 14 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔ ملزمان کو چند روز قبل نیب کی انٹیلی جنس ٹیم نے اسلام آباد سے گرفتار کرکے راہداری ریمانڈ حاصل کیا تھا، مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔واضح رہے کہ ڈی جی نیب آپریشن اور ڈی جی نیب بلوچستان کی سربراہی میں کام کرنے والی نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ریکوڈیک منصوبے میں قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہچانے والے کرپٹ عناصر کے خلا ف ناقابل تردید ثبوت اکھٹے کر تے ہوئے چند روز قبل حکومت بلوچستان کے سابقہ عہدیداران سمیت 26 افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کیا تھا، ملزمان نے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے قومی مفادات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ سال 1993 میں بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بروکن ہلز پروپرائیٹر ی نامی آسٹریلیوی کمپنی کے مابین چاغی ہلز ایکسپلوریشن جوائنٹ ونیچر کا ایک معائدہ طے پایاجس میں حکومت بلوچستان بالخصوص بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی جانب سے آسٹریلوی کمپنی کو غیر قانونی فائدہ پہنچایا گیا ، قومی مفادات سے متصادم اس معائدہ کی شرائط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نا صرف غیر قانونی طریقہ سے بلوچستان مائینگ کنسیشن رولز میں ترامیم کی گئیں بلکہ بار بار غیر قانونی طور پر ذیلی معاہدات کر کے ٹیتھیان کاپر کمپنی نامی نئی کمپنی کو متعارف کرکے اربوں روپے کے مزید مالی فائدے حاصل کیے گے۔ علاوہ ازیں محکمہ مال کے افسران کی جانب سے زمین کی الاٹمنٹ اور دیگر امور میں بھی شدید بے قاعدگیاں سامنے آئیں اور ملزمان نے اس مد میں مالی فوائد لینے کا اعتراف بھی کیا۔ ڈی جی نیب آپریشن اور ڈی جی نیب بلوچستان کی سربراہی میں کام کرنے والی تحقیقاتی ٹیم نے چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی منظوری کے بعد حکومت بلوچستان کے سابقہ عہدیداران سمیت 26 افراد کے خلا ف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کرکے ملوث ملزمان کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا، اسی کاروائی کے نتیجے میں دو مرکزی ملزمان سابق چئرمین بلوچستان ڈویلپمینٹ اتھارٹی محمد فاروق اور سابق سیکورٹی اینڈ گورنمنٹ افیئرز آفسر ٹیتھیان کا پر کمپنی کرنل ریٹائرڈ شیر خان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا جنہیں احتساب عدالت کوئٹہ میں پیش کرکے مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی، احتساب عدالت کے معزز جج منور شاہوانی نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 14 روز کے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ ملزمان کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button