پریس ریلیز
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے کنوﺅں کی بندش کے حوالے سے جائزے کیلئے فارنزک آڈٹ ٹیم کی تشکیل
پٹرولیم ڈویژن آف پاکستان نے تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کی کمپنیوں کی جانب سے ملک بھر میں کھودے جانے والے کنوﺅں کی بندش کا اعادہ اور فارنزک آڈٹ کرنے کی غرض سے ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔یہ ٹیم پبلک سیکٹر ای اینڈ پی کمپنیوں کے حکام/پروفیشنل کے علاوہ پبلک پالیسی ونگ کے حکام پر مشتمل ہوگی۔اس مقصد کیلئے او جی ڈی سی ایل کے سابقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر/منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نسیم احمد کی سر براہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو ایک فارنزک ٹیم تشکیل دے گی اور یہ ٹیم ملک بھر میں خشک ہوجانے والے کنو ﺅں کے حوالے سے تحقیقات کرے گی ۔ٹیم ملک بھر میں خشک ہو جانے والے کنوﺅں سے متعلقہ وجوہات کا تعین کرے گی اور اس حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹ ایک ماہ کے عرصہ میں پیش کرے گی۔یہ ٹیم ملک بھر میں قائم خشک ہوجانے والے کنوﺅں کاد ورہ کرے گی اور ان کنوﺅں سے متعلق اپنا تکنیکی جائزہ پیش کرے گی۔ٹیم ان کنوﺅں کا فارنزک آڈٹ بھی کرے گی اور اس حوالے سے ان کنوﺅں کی نشاندہی کرے گی جنہیں دوبارہ سے پروڈکشن میں لایا جا سکتا ہے۔یہ ٹیم خشک ہو جانے والے کنوﺅں کی دوبارہ بحالی سے متعلق ورک پلان کے علاوہ منصوبے کے تحت کام نہ ہونے کے سلسلے میں قانون کے مطابق جرمانے کیلئے بھی اپنی سفارشات فراہم کرے گی۔ٹیم کا کام ہو گا کہ وہ ایسے اضافی کنوﺅں کی بھی نشاندہی کرے جنہیں مستقبل میں پروڈکشن کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔یہ ٹیم پہلے سے پروڈکشن کے حامل کنوﺅں کے کوالٹی کنٹرول،پیداواری سہولیات کا جائزہ،تکنیکی نفع ونقصان کے جائزے کے علاوہ روزانہ کے پروڈکشن ڈیٹا اور ڈرلنگ ڈیٹا کا بھی جائزہ لے گی۔ٹیم اس حوالے سے اپنی مفصل رپورٹ مرتب کر کے اسے ایک ماہ کے عرصے میں جمع کروائے گی۔