- اسلام آباد (شیبا مہر ) پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی. دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،پاکستان اور کویت کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا گیا. وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں. نائجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر کویتی وزیر خارجہ کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کویت کی جانب سے پاکستان کے موقف کی غیر متزلزل حمایت قابلِ تحسین ہے. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے شاندار سیاسی روابط کو ایک مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا متمنی ہے. اس سلسلے میں پاکستان اور کویت کے مابین زراعت، فوڈ سیکورٹی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دو طرفہ اقتصادی تعاون میں اضافے کے مواقع موجود ہیں دونوں ممالک ان مواقعوں سے یکساں مستفید ہو سکتے ہیں.
پاکستان ميں کویت کے سفیر نصر المطہری نے شرف ملاقات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا