اہم خبر

پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین ، یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے چیئرمین و پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء ابرار الحق سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ، ممبر کشمیر کونسل محمد یونس میر و دیگر کی ملاقات

اسلام آباد ( عارف چودھری )پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین ، یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے چیئرمین و پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء ابرار الحق سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ، ممبر کشمیر کونسل محمد یونس میر و دیگر کی ملاقات ، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال ،پارٹی امور ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ،یوتھ کی سرگرمیوں کے علاوہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کے اقدامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے صدر عبید الرحمن قریشی ، یوتھ پارلیمنٹ کے دیگر عہدیداران بلال مسعود اور تابش عباسی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ابرار الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے لئے پی ٹی آئی حکومت نے عالمی سطح پر کورونا لاک ڈائون کے باوجود مؤثر انداز میں پیش کیا اور عالمی برادری کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی ، بھارت بالخصوص مودی کی فاشست حکومت کی کشمیر میں ظلم و بربریت اور پھر ہندوستان کے اندر اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک سے دنیا کے سامنے ہندوستان کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں عالمی سطح پر انسانی حقوق کے اداروں کے لئے سوالیہ نشان ہیں ، پاکستان ریڈ کریسنٹ بھی ایک عالمی فلاحی ادارہ ہے ۔ ہم کشمیر کی صورتحال کو اس ادارے کے پلیٹ فارم سے بھی دنیا بھر میں اٹھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ سفارتی سطح پر کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کے بہترین انداز میں کام کیا ہے جس کی وجہ سے آج بڑے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کی گونج سنائی دے رہی ہے ۔ تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم کا کردار قابل تحسین ہے ۔ ہمیں سفارتی سطح پر ایسے کرداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی ۔ ابرار الحق نے مزید کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ نے نا صرف پاکستان کے دور دراز پسماندہ علاقوں کے علاوہ آزاد کشمیر میں بھی ایک مثالی کردار ادا کیا ہے ۔ آج بھی پاکستان ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر میں متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر سیاسی و سماجی کرداروں کو کے علاوہ پاکستان اور دنیا کی مشہور شخصیات جیسے گلوکار اور فنکار ، تعلیمی ماہرین ہیں ان کے ذریعے بھی کشمیریوں کی تحریک کے حق اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے ۔ پاکستا ن ریڈ کریسنٹ ایک بڑا عالمی ادارہ ہے جس کی دنیا کے تمام بڑے ممالک میں ادارے قائم ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں انسانی آزادیوں کو سلب کئے جانے ، نوجوانوں ، خواتین پر مظالم اور کشمیریوں کو جیلوں میں بند کرنے کے خلاف اور کشمیریوں کو حقوق دلانے کے لئے ریڈ کریسنٹ عالمی سطح پر اپنا کردار اداکر سکتا ہے ۔ اس موقع پر ممبر کشمیر کونسل محمد یونس میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نا صرف سفارتی سطح پر بلکہ آزاد کشمیر میں بھی عوام پی ٹی آئی کی پالیسیوں اور ملکی کی مضبوطی کے لئے اقدامات کو سراہتے ہیں ۔ جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے لئے اقوام متحدہ کے علاوہ دنیا کے طاقت ور ممالک میں مؤثر اور جانداز میں پیش کیا وہ قابل تحسین ہے اور مظلوم کشمیریوں کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے ۔ کشمیری عوام عمران خان کی مسئلہ کشمیر کے لئے کوششوں پر ان کے شکر گزار اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں بھی عوام کا رجحان پی ٹی آئی کی جانب ہے اور آزاد خطہ میں بھی لوگ تعمیر و ترقی اور سابقہ ادوار کی لوٹ مار کے حساب کے لئے پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے صدر عبید الرحمن قریشی ، یوتھ پارلیمنٹ کے دیگر عہدیداران بلال مسعود اور تابش عباسی نے بھی کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان مرکزی چیئرمین ابرار الحق کی سرپرستی میں تحریک حق خود ارادیت کی سرگرمیوں میں پاکستان ور آزاد کشمیر کے تمام شہروں میں معاونت اور کردار ادا کرے گی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button