کراچی: پاکستان میں کرکٹ کامیدان ایک بار پھرسجے گا ، جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ گئی ہے، پاکستان آنے والی ٹیم میں 27 کھلاڑی اور 11 مینجمنٹ اراکین شامل ہیں ۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں 2007 کے دوران میچ کھیلا تھا جس کے بعد اب وہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے ۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم اپنے دورے میں پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کی قیادت کوئنٹن ڈی کاک کررہے ہیں۔
پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کا ایس او پیز کے تحت ایئرپورٹ پرکورونا ٹیسٹ کیا جائے گا جس کے بعد تمام کھلاڑی قرنطینہ میں رہیں گے۔ کورونا ٹیسٹ رپورٹس منفی آنے کے بعد مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کو کراچی جیم خانہ میں ٹریننگ کی اجازت ہو گی ۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کراچی جیم خانہ میں ٹریننگ کے بعد 23 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کریں گے۔ پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ایک مرتبہ دوبارہ کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے ، شان مسعود، محمد عباس ، حارث سہیل سمیت دیگر کھلاڑیوں کو باہر جبکہ حسن علی اور حارث رؤف کو شامل کر لیا گیا ۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، سرفراز احمد، فہیم اشرف، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ شفیق، آغا سلمان، سعود شکیل، کامران غلام، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی اور تابش خان شامل ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 26 جنوری سے شروع ہو گا۔