راولپنڈی (پ ر ) اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ اس نے ہمیں نہ صرف کلمہ گو مسلمان بنایا بلکہ شعوری مسلمان بنایا اور اسی شعور کا ثمر ہے کہ اس نے ہمیں ایسی اجتماعیت سے روشناس کیا جو الہی اور نبوی نصب العین کی حامل ہے،جواللہ کی رضا کے لئے اللہ کے دین کو سر بلند کرنا چاہتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے جماعت اسلامی چترال کے زمہ داران کے لئے منصورہ لاہور میں منعقد کی جانے والی دس روزہ تربیت گاہ سے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے نصب العین کا تقاضا ہے کہ تطہیر و تعمیر افکار کریں اور اس کے نتیجے میں جو افراد ہمیں ملیں ان کی تنظیم سازی اور تربیت کریں اور پھر ان کے زریعے ہی اصلاح معاشرہ اور اصلاح حکومت کا کام لیں ۔ اس طرح کی تربیت گاہیں ہمیں ان تمام کاموں کو سمجھنے کے مواقع فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب ایک ہی راہ کے راہی ہیں، اللہ کی رضا کے لئے اپنی جان ومال ، وقت اور صلاحیتیں لگا دینے کا عزم رکھتےہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس تربیت گاہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے اب یہ آپ کی زمہ داری ہے کہ جو کچھ سیکھا ہے اسے اپنے ضلع میں نظم کی ہدایت کے مطابق دعوت کے فروغ ،افراد کار کی تیاری اور تربیت اور تنطیم سازی کے لئے استعمال کریں ۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں نوجوان عورت اور خاندان کا ادارہ بہت بڑی تبدیلی کی زد میں ہے خصوصاً خاندانی نظام بری طرح سے شکست و ریخت کا شکار ہو رہا ہے۔ عالمی استعماری قوتیں،نظام تعلیم ،میڈیااور ملٹی نیشنل کمپنیز کے زریعے اپنے مادر پدر آزاد ایجنڈے کے ساتھ کئی اطراف سے حملہ آ ور ہیں۔ اسلامی اقتدار کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ حقوق نسواں اور آ زادی کے یہ مطالبات ترقی کرتے کرتے اللہ کے قوانین سے بغاوت کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ ہماری قدریں،باہمی احترام اور مضبوط خاندان ہماراامتیاز ہے اسے مضبوط رکھنے اور اس کے مثبت اثرات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ بحیثیت ایک انقلابی و اصلاحی تحریک کے معاشرتی اصلاح اور استحکام کی فکر اور اس کے لئے جدو جہد کرنا ہماری اولین زمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خاندانوں کا استحکام ، خواتین کے تحفظ اور نسلوں کی تعمیر کے لئے بنیادی ضرورت ہے لہزا اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی منصوبے کے مطابق اس سال خاندان کے استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس مقصد کے لئے ماہ فروری میں ایک مہم کا انعقاد کیا جائے گا ۔انہوں نے تربیت گاہ کے شرکاہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی آ پ کے بلند حوصلوں اور ایمان و عمل میں برکتیں عطا فرمائے اور آ پ کے زریعے اسلامی پاکستان ،خوشحال پاکستان کی منزل کو قریب لائے ۔
0 0 2 minutes read