راولپنڈی: بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں نے ایف سی پوسٹ پر حملہ کردیا ، جس کے نتیجے میں سپاہی اسدمہدی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں نے ایف سی پوسٹ پر فائرنگ کی ، فائرنگ سے سپاہی اسد مہدی شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ رات این 85 ہائی وے ایف سی پوسٹ پر حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی تھی ، سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔ شہدا میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اور سپاہی انیس الرحمٰن شامل ہیں۔