تحریر: حماد گیلانی
کالم ۔حرف تمام
انگریزی سے اردو ترجمہ: بابر رفیق
میں ایک کشمیری ہوں جس نے اپنی ساری زندگی منقسم خاندانوں کے درد کو سنتے ہوئے گزاری ہے۔ خونی لائن آف کنٹرول کے آس پاس رہنے والوں کا درد جس نے بھی سنا ، اس کے دل پر گہرا اثر ہوا۔ ہزاروں منقسم خاندانوں کی تقریبا ایک ہی جیسی کہانی ہے۔
لائن آف کنٹرول ، جو پاکستان اور بھارت کے مابین متنازعہ کشمیر کو تقسیم کرتی ہے ، فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے لئے بدنام ہے لیکن اس لائن آف کنٹرول کا سب سے افسوسناک پہلو خاندانوں کی علیحدگی ہے۔
7 اپریل 2005 کو شروع ہونے والی بس سروس نے متعدد خاندانوں کی مایوسی کو ختم کیا۔اس بس سروس نے سینکڑوں خاندانوں کو اکٹھا کیا جو ماضی میں بچھڑ ئے ہوئے تھے۔ لیکن بدقسمتی سے ، اگست 2019 میں ہندوستانی اقدامات کے نتیجے میں بس سروس کو بھی بند کردیا گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں بہت سی امیدیں ٹوٹ گئیں۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش میں ، قانون میں تبدیلی کی اور کشمیریوں پر ظلم کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔
ویسے ، کشمیریوں پر ظلم و ستم کا آغاز برسوں پہلے ہوا تھا لیکن اس سب کے باوجود ، کشمیریوں کی آواز برسوں سے گونج رہی ہے۔ 5 اگست سے آج تک ، کشمیر میں انسانی حقوق کا چراغ تاریک ہے اور اس خطہ نور میں ظلم و بربریت پھیل رہی ہے۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا اور لاک ڈاؤن کے دوران موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرکے تقسیم کشمیر کے لئے ایک فارمولا متعارف کرایا۔
کشمیر کے سیکڑوں منقسم خاندانوں کی کہانیاں ایسی ہیں کہ سن یا پڑھ کر بے اختیار آنسو نکل آتے ہیں۔۔ اگر کسی کے والدین کسی خونی لکیر کے پیچھے رہ جاتے ہیں ، تو کسی کو اپنے بہن بھائیوں کی علیحدگی کا دکھ ہوتا ہے۔ کچھ مائیں اپنے بچوں کو دیکھنے کے لئے بے چین ہوتی ہیں ، جبکہ کچھ اپنی مٹی کی یادوں میں گم ہوجاتی ہیں۔
میں نے حال ہی میں کشمیر کی ایک خوبصورت وادی نیلم کا سفر کیا۔ جب آپ وادی نیلم میں داخل ہوتے ہیں تو آپ مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں چھوٹا گاؤں ٹیٹوال دیکھ سکتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ مہاراجہ کے زمانے میں یہ ایک بہت بڑا تجارتی منڈی تھا۔ لیکن آج کا ٹیٹوال خاموش نظر آتا ہے۔ مقبوضہ وادی کا نظارہ دل کو غمزدہ کرتا ہے۔ جب آپ اپنے ہی لوگوں کے مکانات ، بازاروں اور کاروں کے ساتھ ساتھ خوبصورت مناظر کو دیکھتے ہیں تو آپ کو کشمیر کے سیکڑوں خاندانوں کی اذیت کا احساس ہوتا ہے جو ان کے سامنے سب کچھ دیکھ سکتے ہیں۔ وہ ان کا دکھ اور خوشی ملاحظہ کر تو سکتے ہیں لیکن وہ قریب جاکر گلے نہیں لگاسکتے ہیں۔ وادی نیلم کا ضلعی صدر مقام اٹھمقام ہے۔ جب کار اٹھمقام بازار سے نکلتی ہے تو یہ کیرن کے گاوں میں آتی ہے۔ دریا کے دوسری طرف جو کشمیر ہے جہاں ہندوستان کی ظالم حکومت قائم ہے۔
کچھ عرصہ قبل میں نے کیرن کے منقسم خاندان کے بارے میں بی بی سی کا ایک انٹرویو دیکھا تھا۔ ایک منقسم گھرانے کے ایک فرد محمد اشرف کی 26 سال بعد آزاد کشمیر میں جب اپنے منقسم گھرانے سے ملاقات ہوئی تو اس کی آنکھوں میں خوشی اور غم کے آنسو تھے۔
محمد اشرف نے کہا "میرے بیٹے کی عمر 12 سال تھی جب ہم الگ ہوگئے” اور اب میرا پوتا 16 سال کا ہے۔ محمد اشرف کے اہل خانہ نے 1990 میں 20،000 کشمیریوں کے ساتھ ایل او سی عبور کی اور پاکستانی حدود میں پناہ حاصل کی۔ محمد اشرف پیچھے رہ گئے۔ اس وقت کنبہ کو شاید اندازہ نہیں تھا کہ انہیں دوبارہ ملنے کے لئے دو دہائیوں سے زیادہ انتظار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کئی بار پاکستانی کشمیر آنے کی کوشش کی لیکن اجازت نہیں مل سکی۔ آخر کار 2016 میں انکا پاسپورٹ بن گیا لیکن اس وقت تک اس کے والد اور والدہ آزادکشمیر میں وفات پا چکے تھے۔ ان کے بچے شادی شدہ تھے اور پوتے پیدا ہو چکے تھے۔
ان کی 62 سالہ اہلیہ ، بدر النساء نے کہا: "میں بچوں کی تمام شادیوں پر بہت روئی ، کیوں کہ اس اہم موقع پر مجھے اپنے شوہر کی یاد آتی تھی”۔
جب 2003 میں بھارت اور پاکستان کے مابین جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا ، تو دونوں ممالک کے حکام نے دریائے نیلم کے دونوں کناروں پر دو جگہ مختص کی تھیں ، جو ہندوستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو تقسیم کرتا ہے ، جہاں سے دونوں اطراف کے رشتہ دار ہاتھ ہلا سکتے تھے۔ محمد اشرف کے اہل خانہ نے بھی علیحدگی کے 16 سال بعد 2006 میں عید پر ایک بار ان کی ایک جھلک دیکھی۔
محمد اشرف کی طرح 60 سالہ اشرف جان بھی ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کیرن گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں۔ 1990 میں ان کا کنبہ بھی الگ ہوگیا تھا۔ اشرف جان دریائے نیلم کے اس پار اپنے بیٹے عتیق حسین کی جھلک دیکھنے کی تکلیف دہ کہانی بھی سناتی ہیں۔ "میں دریا کے پار جانے کے لئے دریا میں کودنا چاہتی تھی تاکہ اپنے بیٹے کو گلے سے لگا سکوں ،” وہ کہتی ہیں۔ "میں ندی کے اس کنارے رو رہی تھی جب میرا بیٹا دوسری طرف سے رو رہا تھا۔ ہم بے بس تھے۔” وہ کہتی ہیں۔ "انہیں دوبارہ دیکھنا دوبارہ پیدا ہونے جیسا تھا”۔
تاہم ، اشرف جان اور محمد اشرف کا ان کے اہل خانہ کے ساتھ ملاپ عارضی تھا۔ اب وہ دوبارہ کب مل سکتے ہیں کوئی نہیں جانتا ہے۔
منقسم خاندانوں کے غم کے علاوہ ، لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے لوگوں کی زندگیاں بھی مسلسل سانحے سے کم نہیں ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو سارا سال غیر یقینی کی فضا میں رہتے ہیں کیونکہ ان کے گھروں اور راہداریوں کو براہ راست بندوقوں اور توپوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور تناؤ کی صورت میں انہیں بے گھر بھی ہونا پڑتا ہے۔
(اس وقت جب انگریزی کالم کا اردو ترجمہ ہو رہا ہے لائن آف کنٹرول پر شدید گولہ باری جاری ہے اور میرپور سے لے کر نیلم تک تقریبا ہر سیکٹر پر لوگ بربریت کا شکار ہیں۔ کہیں گھر جل چکے ہیں جبکہ نصف درجن کے پاس لوگ شہید ہو چکے ہیں۔ سینکڑوں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہیں۔یہ اس سال کی سب سے شدید گولہ باری ہے)۔ لائن آف کنٹرول کے رہائشی گھر سے نکلتے ہیں تو انہیں واپسی کا علم نہیں ہوتا۔ بچوں کے اسکول گاؤں میں ہیں ان کی تعلیم وہیں رک جاتی ہے اور بچپن سے بڑھاپے تک وہ گولیوں اور بے گھر ہونے کے بیچ رہتے ہیں۔ ایسے حالات میں بچے اپنے امتحانات کی تیاری بھی نہیں کرسکتے ہیں۔ یہ بچے شہری یا پُرامن علاقوں کے اسکولوں میں بچوں سے مقابلہ کیسے کرسکتے ہیں؟
کشمیری عوام مایوسی کا شکار ہیں۔ وہ اس امید کے ساتھ رہتے ہیں کہ اندھیری رات کا خاتمہ ہوجائے گا۔ وہ اس دن کے منتظر ہیں جب امن آجائے گا اور انہیں جلدی واپس گھر واپس آنے کی فکر نہیں ہوگی ، اور بچے گولہ بارود اور دہشت کی بجائے کتابوں کے بارے میں بات کریں گے۔
0 0 5 minutes read