کشمیر

انڈوومنٹ فنڈ قائم کر کے ہنرمند نوجوانوں کواپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے،وزیراعظم آزادکشمیر

مظفر آباد : وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ 3 ارب روپے کی لاگت سے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کریں گے جس کے تحت ہنرمند نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، معاشی مسائل کے باوجود23 ارب روپے کے تاریخی پیکج کی فراہمی پر وفاقی حکومت کے مشکور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہو نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان سے مضبوط اور لازوال رشتہ ہے جو ہماری آنے والی نسلوں تک رہے گا، الحاق پاکستان ہماری منزل ہے، آزادکشمیر پرامن خطہ ہے اور اس کو فضا کو خراب نہیں ہونے دیں گے، ہم نے ملکر ریاست کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے کردار ادا کرنا ہے اور شرپسند قوتوں کو روکنا ہے، انارکی پھیلانے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، ایکشن کمیٹی کو عوامی تحریک کی کامیابی پر شکر ادا کرنا چاہیے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوامی اور ریاستی مفادات کے لئے ملکر کام کریں گے،بعض شرپسند عناصر آزادکشمیر کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے شرپسند عناصرکا کھوج لگا کر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر میں 16 ارب روپے خرچ کئے گئے ،اسی طرح صحت عامہ، تعلیم، برقیات، ٹورازم میں بجٹ خرچ ہوا کسی بھی جگہ کرپشن کی نشاندہی کریں۔انہوں نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت آزادکشمیر کے پسے ہوئے طبقات کی کفالت کی جائے گی اور عنقریب بے روزگاری کے خاتمے کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کریں گے جس کے تحت آزادکشمیر کے ہنرمند نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کوئی روزگار حاصل کر سکیں، اس ضمن میں ابتدائی طور پر 3 ارب روپے مختص کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک اختیار ہے آزادکشمیر کے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button