وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ زمین پر عمران خان سے زیادہ جھوٹا کوئی نہیں ، حالیہ دورہ امریکا میں بھی کئی عالمی رہنماؤں نے بھی عمران خان کو بدتمیز، جھوٹا اور انا پرست قرار دیا۔ برطانوی اخبارکو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف تحریک انصاف کے چیئرمین پر برس پڑے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دھوکے بازیوں نے ملک کی معیشت برباد کردی ، اقتدار سے باہر ہونے کے بعد عمران خان نے جھوٹ اور گم راہی سے معاشرے میں زہر گھول دیا اور تقسیم کردیا ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آڈیو لیکس سے سامنے آگیا کہ عمران خان نے اپنے مفاد کے لیے جھوٹ بول کر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ، جان بوجھ کر کیے جرائم پر عمران خان کو جواب دہ ہونا پڑےگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے، پاکستان کو بڑھتی مہنگائی، غیر ملکی قرضوں اورکرنسی کی قدر میں کمی کا سامنا ہے، پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کی وجہ سے 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔انہوں نےکہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانےکے لیے سرگرم عمل ہیں، شدید مالی مشکلات کے باوجودایف 16 طیاروں کے لیے امریکا کے ساتھ معاہدہ کیا، امریکی صدر سے نیویارک میں مختصر ملاقات کی،انہوں نے پاکستان کی حمایت کا وعدہ کیا۔شبہاز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے، نومبر میں چین کا دورہ کروں گا، سی پیک ایسا منصوبہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اچھا ہے۔
0 0 1 minute read



